ضلع سرگودھا میں گندم کی بوائی کا 5 لاکھ 33 ہزار ایکڑ رقبے پر کاشت کا ہدف مقرر،ڈپٹی کمشنر

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ضلعی گندم بوائی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں گندم کی بوائی مہم کے اہداف، بیج اور کھاد کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں رواں سیزن کے دوران پانچ لاکھ 33 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تحصیل سرگودھا میں ایک لاکھ 10 ہزار ایکڑ، بھلوال اور بھیرہ میں 85 ہزار ایکڑ، کوٹ مومن میں 98 ہزار ایکڑ، شاہپور میں 96 ہزار ایکڑ، ساہیوال میں 80 ہزار ایکڑ جبکہ سلانوالی میں 71 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اعلیٰ معیار کے بیج کی وافر مقدار ضلع بھر میں دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب سیڈ کارپوریشن کے پاس 30 ہزار بیگ موجود ہیں جبکہ نجی ڈیلرز کے پاس 75 سو بیگ دستیاب ہیں۔

سرٹیفائیڈ بیج 50 کلو کا تھیلا 5500 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح یوریا کھاد کے 58 ہزار 8 سو بیگ اور ڈی اے پی کے 22 ہزار 164 بیگز مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بوائی کے مقررہ ہدف کے حصول کے لیے تمام محکمے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سطح پر کمیٹیاں بنا کر مہم کی مؤثر نگرانی کی جائے اور سرکاری اراضی پر بھی گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ماڈل ایگری مال پر بیج اور کھاد کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ زراعت سے ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے مزید کہا کہ نمبرداروں، یونین کونسل سیکرٹریز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی مہم میں شامل کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم ہو سکے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 25 ہزار 938 کاشتکاروں میں کسان کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ "گرین ٹریکٹر سکیم" کے فیز ون میں تین سو کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔

فیز ٹو کے لیے 14 ہزار 537 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 330 کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ہے اور ان کی فائلوں پر کارروائی جاری ہے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد گوہر اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور کاشتکاروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :