ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی زیر نگرانی پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت سپر سیڈرز کی قرعہ اندازی، 235 کسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پر مشینیں فراہم

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز / پاک سیڈرز کی فراہمی کے سلسلے میں جناح ہال قلعہ سیالکوٹ میں منعقدہ تقریب میں قرعہ اندازی کی نگرانی کے فرائض انجام دیئے۔تقریب میں کسانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

قرعہ اندازی کے ذریعے 235 خوش نصیب کسانوں کے نام منتخب کیے گئے جنہیں سپر سیڈرز کی خریداری پر 60 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کلین ایئر پروگرام نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں مددگار ہے بلکہ اس سے فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے انہیں کارآمد طریقے سے تلف کرنے میں بھی مدد ملے گی جس سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپر سیڈرز کی فراہمی سے کسانوں کے اخراجات میں کمی، زمین کی زرخیزی میں بہتری اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کی رہنمائی، تربیت اور سہولت کاری کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ پروگرام کے ثمرات زیادہ سے زیادہ کسانوں تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی تحفظ اور زرعی ترقی کے لیے ایسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے گی تاکہ صاف فضا، صحت مند فصلیں اور خوشحال کسان پنجاب کی پہچان بن سکیں۔