آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے 93ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:10

مظفرآباد /میرپور /راولاکوٹ/باغ/بھمبر /سماہنی /جہلم ویلی/نیلم ویلی /دھیرکوٹ/مظفرآباد (این این آئی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے 93ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی جماعت کے زیر اہتمام 15 اور 16 اکتوبر کو پورے آزاد کشمیر سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر اور بیرونِ ملک شایانِ شان طریقے سے یہ دن منایا جائے۔

صدر جماعت و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان کی خصوصی ہدایت پر یومِ تاسیس کے سلسلے میں مرکزی، ضلعی، تحصیلی اور وارڈ سطح پر تقریبات، جلسے، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات کا مقصد جماعت کی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنا، بانیانِ مسلم کانفرنس کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور تحریکِ آزادی کشمیر کے ساتھ تجدیدِ عہد کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت کے مرکزی و ضلعی رہنما، سابق وزراء، معززینِ شہر اور کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔جماعت کے رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستِ جموں و کشمیر کی پہلی اور نظریاتی بنیادوں پر قائم سیاسی جماعت ہے جس نے عوامی شعور بیدار کیا، تحریکِ آزادی کو سمت دی اور ریاستی تشخص کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ 93 برس گزرنے کے باوجود مسلم کانفرنس آج بھی اپنی اساس، نظریے اور قیادت پر فخر کرتی ہے۔ جماعت کا ہر کارکن بانیانِ تحریک کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر بھی یومِ تاسیس کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں قرآن خوانی، دعائیہ محافل، مشاعرے، تاریخی تصویری نمائشیں اور تقاریر شامل ہوں گی۔