اسپیشل چلڈرن اسکول خاران کے اساتذہ کی لاہور گیریژن انسٹی ٹیوٹ فاراسپیشل ایجوکیشن میں خصوصی تربیت کا اہتمام

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:21

خاران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ا یف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیرِ اہتمام اسپیشل چلڈرن اسکول خاران کے اساتذہ کی لاہور گیریژن انسٹی ٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن میں خصوصی تربیت کااہتمام کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیرِ اہتمام،پاک آرمی لاہورکورکی معاونت سےایف سی اسپیشل چلڈرن اسکول خاران کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے، اسکول کے پرنسپل سمیت تین اساتذہ کو لاہور گیریژن انسٹی ٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن میں خصوصی تربیت دی گئی۔

تربیت کا بنیادی مقصد جسمانی معذوری کے شکار طلباء کے ساتھ کام کرنے والے اساتذہ کے لیے خصوصی مہارتوں کوفروغ دینا تھا، جس میں جسمانی معذوری سے متعلق غلط فہمیوں اور حقائق کی وضاحت، طلباء کی جسمانی و رویہ جاتی خصوصیات، پیش رفت کے ریکارڈ اور ہسٹری شیٹس کی تیاری، مختلف اقسام کے جائزے، علمی و ادراکی صلاحیتوں کے نکھارنےکی تربیت، زبان کی فہم و اظہار کی مہارتیں اور حفظانِ صحت کی تربیت کا انتظام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

یہ خصوصی تربیت نہ صرف اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ ہے بلکہ اس کے نتیجے میں اسپیشل چلڈرن اسکول خاران کے بچے مزید بہتر اور مؤثر تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ یوں یہ ادارہ خصوصی بچوں کو تعلیم یافتہ، بااعتماد اور معاشرے کا فعال شہری بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔\378