خضدار و زہری میں علم، کھیل اور ثقافت کا شاندار و منفرد میلے کا آغاز 20 اکتوبر2025 سے ہوگا

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:10

ؒخضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) خضدار اور تحصیل زہری میں 20 اکتوبر سے شروع ہونے والے بک فیئر، کھیلوں کے ٹورنامنٹس، خواتین گالا اور ثقافتی پروگرامز بلوچستان کے نوجوانوں کے لیئے ایک عظیم تحفہ ہیں۔ یہ منفرد ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیئے ایک شاندار پلیٹ فارم فراہم کریں گے بلکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں، خود اعتمادی اور سماجی ہم آہنگی کو بھی تقویت دیں گے۔

بلوچستان حکومت اور ضلعی انتظامیہ خضدار کی اس شاندار کاوش نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ نوجوانوں کی ترقی، تعلیم اور ثقافتی شعور بیدار کرنے کے لیئے پرعزم ہیں۔ یہ ایونٹس نوجوانوں کو علم کی روشنی، کھیلوں کی توانائی اور ثقافتی رنگوں سے ہمکنار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے سنہری مواقع پیدا کرنے کے زینے ثابت ہونگے۔

(جاری ہے)

بک فیئر اینڈ ریڈنگ فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کو کتابوں تک رسائی ملے گی، جو ان کے علمی افق کو وسعت دے گی اور تخلیقی سوچ کو پروان چڑھائے گی۔

"امن کے لیئے پڑھیں، اپنے مستقبل کے لیئے پڑھیں" کا نعرہ نہ صرف تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ امن و آشتی کا پیغام بھی پھیلاتا ہے۔ کرکٹ، فٹبال اور بیڈمنٹن ٹورنامنٹس* نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مشغول کریں گے، جس سے ان کی جسمانی فٹنس، ٹیم ورک اور مقابلے کی روح کو فروغ ملے گا۔ یہ کھیل نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ نظم و ضبط، عزم اور خود اعتمادی کو بھی بڑھائیں گے۔

خواتین گالا نہ صرف خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک شاندار موقع ہے بلکہ یہ صنفی مساوات کے پیغام کو بھی تقویت دیتا ہے، جو لڑکیوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیئے حوصلہ فراہم کرے گا۔ثقافتی و ادبی پروگرامز مقامی ثقافت کو زندہ رکھتے ہوئے نوجوان و مقامی شہریوں کو اپنی اپنی ثقافت اقدار اور روایت سے ہم آہنگ بنائیں گے۔ علاقائی گلوکار اپنی سریلی آواز سے ماحول کو جگمائیں گے محفل موسیقی اور شعراء کی پرفارمنسز سے نوجوانوں کی سوچ اور خیالات کو نئی پرواز ملے گی، جو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاوا دے گی۔

زہری اور خضدار میں منعقد ہونے والے یہ ایونٹس نوجوانوں کو ایک ایسی فضا فراہم کریں گے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں، نئے خیالات سے روشناس ہو سکتے ہیں اور اپنی ثقافت سے گہرا تعلق استوار کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرامز نہ صرف ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اضافہ کریں گے بلکہ انہیں ایک مثبت اور ترقی پسند مستقبل کی جانب گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

بلوچستان حکومت کی اس کاوش نے خضدار اور زہری کے نوجوانوں کے لیئے ایک نئی صبح کا آغاز کیا ہے، جو امید، ترقی اور کامیابی کا پیغام لے کر آئی ہے۔یہ ایونٹس خضدار اور زہری کے نوجوانوں کے لیئے نادر موقع ہیں کہ وہ علم، کھیل اور ثقافت کے رنگوں سے اپنی زندگیوں کو منور کریں۔ یہ پروگرامز نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے بلکہ انہیں پرامن، ترقی یافتہ اور خود اعتماد مستقبل کی جانب لے جائیں گے۔

ایونٹس کا شیڈول درج ذیل تاریخوں میں ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق بک فیئر اینڈ ریڈنگ فیسٹول 20 تا 24 اکتوبر 2025 بمقام ڈی پی سی خضدار،وومن گالا اینڈ نمائش 20 تا 22 اکتوبر 2025 بمقام وومن بازار خضدار، کرکٹ ٹورنامنٹ 24 تا 26 اکتوبر 2025 بمقام جناح کرکٹ اسٹیڈیم ،بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 22 تا 23 اکتوبر 2025 بمقام آفیسر کلب خضدار ، فٹبال ٹورنامنٹ 27 تا 29 اکتوبر 2025 بمقام میر غوث بخش بزنجو اسٹیڈیم خضدار ، کلچرل اینڈ لیٹریسی ایوننگ 27 اکتوبر 2025 بمقام ٹائون ہال خضدار تحصیل زہری، کرکٹ اینڈ فٹبال ٹورنامنٹ 20 تا 23 اکتوبر 2025 بمقام زہری اسپورٹس گرائونڈ زہری،بک اینڈ آرٹ فیئر 24 تا 25 اکتوبر 2025 بمقام گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول تحصیل زہری منعقد ہونگے ۔