جج ہمایوں دلاور کیخلاف پروپیگنڈا مہم، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے پی کی درخواست خارج

درخواست گزار کو اس کے واٹس ایپ نمبر پر تین مرتبہ طلبی کا نوٹس بھیجا گیا، تحریری فیصلہ

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ پروپیگنڈا مہم کیس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا صدیق انجم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔بدھ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج محمد افضل مجوکا نے درخواست ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ درخواست گزار نے 2 نومبر 2024ء کو ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی، درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی جس میں ٹرائل کورٹ کو اس معاملہ کے فیصلے تک روکا گیا۔بعدازاں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19ستمبر2025ء کو رٹ پٹیشن خارج کر دی اور ہائیکورٹ سے رٹ پٹیشن خارج ہونے کے بعد ضمانت کی یہ درخواست 3اکتوبر 2025ء کو بحال کر دی گئی، درخواست گزار کو اس کے واٹس ایپ نمبر پر تین مرتبہ طلبی کا نوٹس بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار عدالت میں پیش نہیں ہوا اور عدالت اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ درخواست گزار صدیق انجم نے جان بوجھ کر عدالت میں پیش ہونے سے گریز کیا، عدالت عدم پیروی کی بنا پر مقدمے میں ملزم صدیق انجم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کرتی ہے۔