اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن عناصر کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری، 22 ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف

جمعرات 16 اکتوبر 2025 11:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رات گئے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2 یونٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ 6 فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ ٹیموں نے موقع پر 22 ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق موقع پر کیے گئے ٹیسٹوں میں دودھ میں پانی، پاؤڈر اور ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی جس سے قدرتی غذائیت متاثر ہو رہی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فوڈ ہینڈلرز کی صفائی کے معیار انتہائی ناقص پایا گیا جبکہ برتن دھونے کے لیے سرف کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ تاہم بارہا ہدایات کے باوجود بہت سے پوائنٹس نے اصلاح نہیں کی جس پر جرمانے عائد کیے گئے۔ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ صفائی کے ناقص انتظامات، فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی، اور ضروری ریکارڈ کی عدم موجودگی پر فوری کارروائیاں کی گئیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔مزید کہا گیا کہ زائد المعیاد اور ممنوعہ اشیاء کی فروخت یا ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔