کاشتکاروں کو میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی کاشت بروقت مکمل کرنے کامشورہ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 13:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی کاشت بروقت مکمل کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ اس کی وقت مقررہ پر برداشت ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آلو کی 3فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں میدانی علاقوں میں اس کی 2فصلیں موسم بہاروموسم خزاں اورپہاڑی علاقوں میں ایک فصل موسم گرما میں کاشت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ آلوکی سفید اقسام میں ڈایامنٹ، سانتے، بادشاہ، سلیمی، میلوڈی، چپس کیلئے استعمال ہونے والے آلو کی اقسام میں ہرمس، سٹرنا، لیٹونا، سرخ اقسام میں ایسٹر یکس، کروڈا، برنا،سمپلی ریڈوغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ آلو پاکستان کی ایک اہم فصل ہے کیونکہ اس سے فی ایکڑ آمدنی اورغذائیت دوسری فصلوں سے زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آلو میں نشاستہ، وٹامن، معدنی نمکیات، لحمیات پائے جاتے ہیں اسلئے یہ ایک مکمل غذا بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اورگندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ازحد ضروری ہے جسے ساحل سمندر سے لیکرپہاڑو ں کی بلند چوٹیوں تک کاشت کیا جا سکتاہے۔