وزیر اعلیٰ پنجاب کا منصوبہ اپنی چھت اپنا گھر،اکتوبر کے اختتام تک ایک لاکھ خاندانوں کو قرضہ جات کی فراہمی کا ہدف

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:22

وزیر اعلیٰ پنجاب کا منصوبہ اپنی چھت اپنا گھر،اکتوبر کے اختتام تک ایک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت صوبے بھر میں مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضہ جات کی فراہمی جاری ہے۔ اکتوبر کے اختتام تک ایک لاکھ خاندانوں کو قرضہ جات کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام ڈائریکٹر ولید بیگ نے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 95,600 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضہ جات جاری کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اب تک 82,931 زیر تعمیر گھروں میں سے 20,940 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 59,510 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے دوسری قسط بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے تحت اب تک 113 ارب روپے سے زائد کی رقم قرضہ جات کی مد میں مستحق خاندانوں کو دی جا چکی ہے۔

اس منصوبے کے تحت آئندہ پانچ سال میں مجموعی طور پر پانچ لاکھ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کے دیہی و شہری علاقوں کے ہزاروں خاندان اس منصوبے سے مستفید ہو چکے ہیں۔ قرضہ جات کی فراہمی کے عمل میں مکمل شفافیت اور اہلیت کے اصولوں کو یقینی بنایا گیا ہے۔’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام صوبے بھر میں خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری لا رہا ہے اور انہیں اپنے گھروں کا خواب حقیقت بنتا دکھائی دے رہا ہے۔