Live Updates

انصاف تک آسان رسائی وقانونی انفراسٹرکچر کی بہتری پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے،صوبائی وزیر قانون

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے قلمدان سونپے جانے کے بعد سول سیکرٹریٹ،محکمہ قانون میں پہلے بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو صہیب احمد بھرتھ نے دیگر کے ہمراہ ان کو خوش آمدید کہا جبکہ سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی نے صوبائی وزیر کو محکمہ قانون کی کارکردگی، جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے تمام ضلع و تحصیل ہیڈکوارٹرز پر خواتین وکلا کے لیے لیڈی بار رومز کے قیام کے منصوبے، مختلف اضلاع بشمول اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان، لودھراں، ساہیوال، مظفرگڑھ، رحیم یار خاں، حافظ آباد، بہاولنگر، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ اور نارووال میں ڈسٹرکٹ اٹارنیز آفسز کی تعمیر،ایڈووکیٹ جنرل آفس بہاولپور کی تعمیراتی پیش رفت،جوڈیشل ٹاور لاہور کی تعمیر شامل تھی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025-26کے لیے مجوزہ نئی اسکیموں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ انصاف تک آسان رسائی اور قانونی انفراسٹرکچر کی بہتری پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت قانون و انصاف کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ رانا محمد اقبال خاں نے محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل، شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری، خصوصا خواتین وکلا کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ عدالتی نظام میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اجلاس میں محکمہ قانون کے سینئر افسران، ایڈووکیٹ جنرل آفس کے نمائندگان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات