سپریم کورٹ ،بنیادی حقوق پر سمپوزیم، سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ کی آمد

دعا ہے سمپوزیم ہمیں اس معاشرے میں لے جائے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اسلام سب کیلئے بنیادی حقوق کا ضامن،بروقت ،سستے انصاف کی فراہمی معاشرے میں استحکام کا باعث ہے،محمد بن الکریم العیسی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد بن الکریم نے سپریم کورٹ کا دورہ کیا جہاں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان کا استقبال کیا ۔چیف جسٹس نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ مہمان خصوصی اور تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، باہمی احترام، بنیادی حقوق اور انصاف سب کیلئے کے موضوع پر اکٹھے ہوئے ہیں، تقریب میں میرے دو استاد جسٹس (ر)تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر)محمد بن الکریم العیسی بھی شریک ہیں، محمد بن الکریم العیسی سعودی عرب کی عدلیہ کے سربراہ بھی رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بنیادی حقوق کسی بھی معاشرے کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اسلام کا پیغام برداشت اور رواداری کا ہے، قانون کی حکمرانی سب پر لازم ہے، میری دعا ہے کہ یہ سمپوزیم ہمیں اس معاشرے میں لے جائے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، آج کی تقریب آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق سے استفادہ فراہم کرنے کا موقع دے گی۔

(جاری ہے)

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن الکریم العیسی نے سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمپوزیم میں چیف جسٹس کی جانب سے مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں، بروقت اور سستے انصاف کی فراہمی معاشرے میں استحکام کا باعث بنتی ہے، اسلام سب کیلئے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اسلام مساوات اور رواداری کا درس دیتا ہے، انصاف اسلام پسند دین ہے۔چیئر پرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس ربیعہ جویری آغا نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، انسانی حقوق کی پاسداری ہم سب پر لازم ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور دیگر حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کو مساوی حقوق ملنے چاہئیں، خواتین کے حقوق سے متعلق ملنے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے، خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ہماری عدالتوں نے معاشرے کے کمزور طبقات کے لئے تاریخی فیصلے دیئے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے عدالتی فیصلوں پر من وعن عمل درآمد ضروری ہے، معاشرے کے کمزور طبقات کے لئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا، عدالتوں کو جبری شادیاں رکوانے کا قانونی اختیار حاصل ہے، مساوات اور انصاف کی فراہمی کسی بھی معاشرے میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے، آئین کی شق 25مساوات کی ضمانت دیتی ہے، اقلیتوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، پاکستان کو مستحکم بنانے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا، یقینی بنانا ہوگا کہ عقیدے اور نسل کی بنیاد پر کسی سے امتیازی سلوک نہ ہو۔