محترمہ زہرہ ودود فاطمی کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس جمعرات کو محترمہ زہرہ ودود فاطمی، ایم این اے/ممبر کمیٹی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی نے اجلاس میں "قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (ترمیمی) بل، 2025 (سرکاری بل) متفقہ طور پر بغیر کسی ترمیم کے منظور کر لیا جبکہ کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش کی کہ محترمہ سحر کامران، ایم این اے کی طرف سے پیش کردہ "نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ (ترمیمی) بل 2025 (کچھ ترامیم کے ساتھ منظور کیا جا سکتا ہے۔

کمیٹی نے حالیہ سیلاب کے دوران جانوں اور املاک کے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس سے غریب لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے حالیہ شدید مون سون اور سیلاب کے دوران ملک بھر میں متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی کوششوں کو سراہا تاہم کمیٹی نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے متعلقہ صوبوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنا تعاون جاری رکھے۔

کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے متعلقہ صوبوں، بین الاقوامی اور قومی این جی اوز کے ساتھ مناسب رابطہ قائم کرے تاکہ ضرورت مند لوگوں کو ان کی دہلیز پر مدد فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں ایم این اے دانیال چوہدری، سیدہ نوشین افتخار، محترمہ آسیہ ناز تنولی، محترمہ تمکین اختر نیازی، محترمہ زیب جعفر، محترمہ سحر کامران، محترمہ سبین غوری، محترمہ شاہدہ رحمانی، نوید عامر، خواجہ اظہار الحسن نے شرکت کی جبکہ ایم این اے ڈاکٹر نیلسن عظیم، ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔اجلاس میں وزارت انسانی حقوق، قانون و انصاف سمیت این ڈی ایم اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔