روس پر پابندیاں مزید سخت نہیں کریں گے، امریکی صدر

جمعہ 17 اکتوبر 2025 11:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ واشنگٹن ممکنہ طور پر روس کے خلاف پابندیوں کو مزید سخت کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔تاس کے مطابق انہوں نے یہ بات روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کے تناظر میں کہی۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کانگریس کے اس بل کی حمایت کریں گے جس کے تحت روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی، تو انہوں نے کہا کہ وہ کسی چیز کے خلاف نہیں ہیں تاہم یہ وقت اس اقدام کے لیے موزوں نہیں ہے۔

امریکی سینیٹ کے ریپبلکن رہنما جان تھون کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے، جنہوں نے کہا تھا کہ اب اس بل پر پیش رفت کا وقت آ گیا ہے، صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ وہ جلد ہی جان تھون اور ایوانِ نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن سے گفتگو کریں گے اور انہیں روسی صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں آگاہ کریں گے تاکہ اس حوالے سے مناسب فیصلہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روسی صدر کے ساتھ ہونے والی یہ گفتگو "انتہائی نتیجہ خیز" ثابت ہو سکتی ہے اور امریکا امن کا خواہاں ہے۔یاد رہے کہ روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے سے متعلق یہ بل اپریل میں دونوں جماعتوں کے سینیٹرز نے پیش کیا تھا جن میں ریپبلکن لنڈسے گراہم اور ڈیموکریٹ رچرڈ بلومنتھال شامل ہیں۔ بل میں روس کے تجارتی شراکت داروں کے خلاف ثانوی پابندیوں کی تجاویز دی گئی ہیں، جن کے تحت ان ممالک سے درآمدات پر 500 فیصد تک اضافی محصولات عائد کیے جا سکتے ہیں جو روس سے تیل، گیس، یورینیم اور دیگر مصنوعات خریدتے ہیں۔

ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال نے اپنے ایک مضمون میں خبردار کیا ہے کہ اس قانون کی منظوری کی صورت میں سب سے زیادہ نقصان خود امریکا کو ہوگا، جو اس اقدام کے نتیجے میں معاشی اور سٹریٹجک طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔