سیلاب متاثرین سروے کے دوران ٹریفک حادثہ، سینئر پٹواری ملک عمر حیات جاں بحق

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) سیلاب متاثرین سروے میں دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثے میں سینئر پٹواری ملک عمر حیات جاں بحق ہو گئے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مرحوم کا تعلق ضلع خانیوال سے تھا اور وہ گزشتہ کئی روز سے سیلاب متاثرین کے سروے کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

ریلیف کمشنر پنجاب و سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) نبیل جاوید نے ملک عمر حیات کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مشکل حالات میں عوام کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بھی ملک عمر حیات کی موت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔نبیل جاوید نے مزید کہا کہ ملک عمر حیات کی قربانی قابلِ فخر ہے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔