سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش ،انکی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ‘رانا جمیل منج

جمعہ 17 اکتوبر 2025 12:46

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کار ساز کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کو جلا بخشی ،ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوںنے سانحہ کار ساز کے شہداء کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت کی بنیادوں میں ہماری قیادت اور کارکنوں کا لہو شامل ہے آج ہی کے دن 2007ء میں شہید بی بی ان اور ان کے جانثاروں نے آمر کا مقابلہ کیا،پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی جدوجہد میں خون کے دریا پار کیے ،شہیدوں کی قربانیوں سے جمہوریت کاسورج طلوع ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانیں دے کر بھی میدان میں کھڑے ہیں ، پی پی پی کی قیادت اور کارکنوں نے ہر آمریت کے خلاف خون کا نذرانہ دیا ہماری منزل ایسا پاکستان ہے جہاں بلاامتیاز سب پاکستانی برابر ہوں اور چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان کی طرف سفر جاری ہے۔

(جاری ہے)

رانا جمیل منج نے کہاکہ ہم ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں چاہتے ،اس جدوجہد میںپارٹی کے کارکنوں نے نہ کبھی جیلوں کی پرواہ کی اور نہ کوڑے کھانے سے پیچھے ہٹے ہیں آج پاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔