غزہ میں بین الاقوامی فورس میں شمولیت کے لیے تیارہیں، ترکیہ

جنگ بندی کی مکمل پاسداری کی جائے اور انسانی امداد کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو،وزیردفاع

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:15

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) ترکیہ نے کہا ہے کہ ہم مسلح افواج غزہ میں قائم کی جانے والی کثیرالملکی فورس میں حصہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ترکیہ کے وزیر دفاع یشار گولر نیتمام فریقوں پر زور دیا کہ جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔یشار گولر نے یہ بات برسلز میں نیٹو ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

ترک نیوز چینل ایہ حابر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اتحادیوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ ترک مسلح افواج غزہ میں تشکیل دی جانے والی کثیرالملکی فورس میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہمیں غزہ میں فائر بندی پر اطمینان ہے، کیونکہ یہ ایک منصفانہ اور پائیدار دو ریاستی حل کی جانب پہلا قدم ہے۔ ہم نے زور دیا ہے کہ جنگ بندی کی مکمل پاسداری کی جائے اور انسانی امداد کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔