شرقپور شریف ، گلی میں معمولی تکرار کے بعد بھتیجے کی فائرنگ سے باپ بیٹی قتل ، ایک خاتون شدید زخمی

سگے بھتیجے اسد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی،چچا خادم حسین ، اسکی بیٹی حنا جاں بحق ،ملزم موقع سے فرار

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:25

شرقپور شریف ، گلی میں معمولی تکرار کے بعد بھتیجے کی فائرنگ سے باپ بیٹی ..
شرقپور شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) شرقپور شریف کے نواحی گائوں مدر شریف میں گلی میں معمولی تکرار کے بعد سگے بھتیجے نے فائرنگ کر کے باپ بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ایک خاتون فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئی ، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نواحی گائوں مدر شریف میں دو خاندانوں میں رنجش چلی آرہی تھی ، گزشتہ روز گلی میں معمولی تکرار ہو گئی جس پر بھتیجے اسد نے چچا کے گھر گس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چچا خادم حسین اور اسکی بیٹی حنا بی بی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ فائرنگ سے چچی بشری بی بی شدید زخمی ہو گئیں جسے تشویشناک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا ۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد لاشوںکو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا ۔پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتار ی کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جسے جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ایف آئی آر درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔