Live Updates

پشاور، کوہاٹ، ہنگو، اپر دیر اور سوات کے اضلاع کے پولیس افسران وجوانوں کے اعزاز میں تقریب

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے جمعہ کوسنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں پشاور، کوہاٹ، ہنگو، اپر دیر اور سوات کے اضلاع کے پولیس افسران وجوانوں کو دہشت گردوں ،ٹارگٹ کلرز، قتل و اقدام قتل کے خلاف مختلف کارروائیوں اور حالیہ سیلاب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

خیبرپختونخوا پولیس تر جمان کے مطابق پشاور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران واہ کینٹ کوہستان کالونی راولپنڈی میں متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزم اشتہاری کو ساتھیوں سمیت کیفر کردار تک پہنچا کر بہادری اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کی اعلیٰ مثال قائم کی تھی۔

(جاری ہے)

اسی طرح کوہاٹ پولیس نے مختلف اوقات میں دہشت گردوں کے خلاف اور امن امان کو برقرار رکھنے کے لیے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران نہایت جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے مسمار کئے تھے اور کئی سہولت کاروں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی تھی۔

ہنگو پولیس نے ایف سی پوسٹ تورہ وڑے پر نصب شب دہشت گردانہ حملے کی اطلاع پر فوری رسپانس دیتے ہوئے دہشت گردوں کے ساتھ کئی گھنٹوں مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک اور کئی کو زخمی کرکے بعد میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ ، گرنیڈ اور باروی مواد بھی برآمد کیا تھا۔ اسی طرح سوات پولیس نے حالیہ سیلاب میں تھانہ مینگورہ کے تہہ خانہ میں قائم کوت سے سرکاری اسلحہ اور ساز و سامان کو بروقت منتقل کرکے بڑے سرکاری املاک کا تحفظ ممکن بنایا تھاجبکہ دیر اپر پولیس اور عوام نے مل کر دہشت گردوں کے خلاف متعدد سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے دوران بہترین نتائج حاصل کئے تھے جس پر دیر اپر پولیس کے افسران اور جوانوں کے ساتھ ساتھ آئی جی پی نے متعدد شہریوں کو بھی توصیفی اسناد سے نوازا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب کا انعقاد قابلِ ستائش ہے،جن میں بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نہایت دلیری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔

جس سے عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اورمحکمے اور اپنے خاندان کے لیے عزت کا باعث بن رہے ہیں۔آئی جی پی نے بالخصوص اپر دیر کے عوام اور پولیس کی دہشت گردی کے خلاف مل کر کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پولیس اور عوام مل کر معاشرے میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بناسکتے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ محکمہ پولیس میں جزاو سزا کا عمل برابر جاری رہےگا۔

آئی جی پی نےکہا کہ یہ بات خوش آئندہے کہ خیبرپختونخوا پولیس مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے اوراچھی کارکردگی سے پولیس کی قدر و منزلت میں اضافہ کررہی ہے۔ آئی جی پی نے انعام یافتہ پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششیں مزید تیز کریں اور صوبے سے دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اتریں۔انہوں نے انعامات حاصل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز محمد علی بابا خیل، انوسٹی گیشن عالم شنواری، ہیڈکوارٹرز احسن عباس، انٹرنل اکائونٹی بیلیٹی اختر عباس، پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی عمران خان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزادہ کوکب فاروق بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات