پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 3.5سے لیکر 4فیصد تک رہنے کا امکان

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:37

پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 3.5سے لیکر 4فیصد تک رہنے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 3.5سے لیکر 4فیصد تک رہنے کا امکان ہے ،پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کا سامنا کر رہا ہے ، اس سال کے اختتام تک پاکستان چینی کرنسی یوان میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا۔

بلومبرگ کو انٹرویو میںوفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں مون سون کے دوران سیلاب سے زرعی شعبے کو نقصان پہنچا ہے ، سیلاب سے چاول اور کاٹن کے شعبے کو نقصان پہنچا ، اس سے جی ڈی پی کی نمو متاثر ہو سکتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے ، نقصان کا تفصیلی تخمینہ آنے والے مہینوں میں معلوم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہاکہ سیلاب سے اگرچہ جی ڈی پی کی شرح متاثر ہو گی تاہم ہمارا اندازہ ہے کہ اس سال کے دوران اقتصادی ترقی کی شرح 3.5سے لیکر 4فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لئے حقیقی خطرہ ہے ، ہم اس کا سامنا کر رہے ہیں اور حالیہ سیلاب سے اس کی عکاسی بھی ہو رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس سے استفادہ کر رہا ہے۔

نومبر کے اختتام یا دسمبر کے اوائل میں چینی کرنسی یوان میں پہلا پانڈا بانڈ جاری ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 250ملین ڈالر کے ابتدائی بانڈز کے اجراء کا مقصد فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنانا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ اس سے پہلے پاکستان نے امریکی مارکیٹ ، یورو بانڈ اور اسلامی سکوک جاری کئے تھے تاہم ہم نے دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا تھا۔