انجینئرنگ یونیورسٹی سیالکوٹ جلد مکمل کی جائے تاکہ مقامی صنعت کو درپیش تکنیکی چیلنجز پر قابو پایا جا سکے،صدر چیمبر آف کامرس سید احتشام مظہر گیلانی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:32

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایس سی سی آئی)سید احتشام مظہر گیلانی نے اپیل کی ہے کہ انجینئرنگ یونیورسٹی سیالکوٹ کے تعمیراتی منصوبے کو مکمل کیا جائے تاکہ مقامی صنعت کو درپیش تکنیکی چیلنجز پر قابو پایا جا سکے اور صنعتی ترقی کے سفر میں حائل رکاوٹیں دور ہوں اور ملک اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہو سکے ۔

جمعے کو قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی کے منصوبے کی جلد از جلد تکمیل سے نہ صرف سیالکوٹ کی صنعت مضبوط ہو گی بلکہ ملکی زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال سے یونیورسٹی کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے سے ہماری صنعت کو بہت زیادہ نقصان ہو رہا ہے کیونکہ ہمیں کاریگر و ہنر مند افراد نہیں مل رہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پاکستان کا ایک اہم صنعتی شہر ہے جہاں سرجیکل، سپورٹس، لیدر اور ٹیکسٹائل مصنوعات نہ صرف مقامی ضرورت پوری کرتی ہیں بلکہ بڑی مقدار میں برآمد بھی کی جاتی ہیں، ان صنعتوں کوتربیت یافتہ انجینئرز اور ٹیکنیکل ماہرین کی شدید ضرورت ہے جس کے لیے انجینئرنگ یونیورسٹی سیالکوٹ کے منصوبے کی فوری تکمیل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی سیالکوٹ چیمبر کے مسائل کے حل میں ہمیشہ بہت اہم و موثر کردار ادا کیا ہے جس پر ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔

صدر سیالکوٹ چیمبر کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی کی جلد تکمیل نہ صرف مقامی صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی بلکہ ہنر مند انجینئرز کی فراہمی سے پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی مقامی طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر کے شہر کی برآمدی صنعت کو مضبوط اور تحقیق و ترقی کے نئے دروازے کھولے گی جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملک کے زرمبادلہ میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو گا۔