ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:18

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ضلع بہاولپور میں قیام امن، مذہبی ہم آہنگی و رواداری اور امن و عامہ کے عظیم مقاصد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، پولیس، علمائے کرام، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے ممبران نے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر امن کے فروغ کا عزم کیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، تاجر نمائندگان اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقائی امن، بین المسالک ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و سلامتی، پیار و محبت اور قومی یکجہتی ہر محب وطن شہری کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند شرپسند عناصر امن کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی بیرونی سازش یا دشمن کے آلہ کاروں سے ہوشیار رہیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ ڈی پی او حسن اقبال نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کا فورم ہمیشہ سے بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا علمبردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر امن و امان کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مذہبی برداشت اور باہمی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بہاولپور میں جمعہ بازار کا انعقاد معمول کے مطابق ہوگا اور مارکیٹس کھلی رہیں گی تاہم امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی یا امن عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں ہے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحاد بین المسلمین اور قیام امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ امن کمیٹی کے تمام ممبران نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں صدر متحدہ مرکزی انجمن تاجران بہاولپور حافظ راؤ خرم سلیم اور صدر مرکزی انجمن تاجران بہاولپور سید اسرار شاہ نے جمعہ کے روز کسی بھی قسم کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ اس حوالے سے انکا کہنا تھا کہ دکانیں اور مارکیٹ روٹین کے مطابق کام کاروبار کریں گی۔