دین کے خلاف سازشوں کو ہر محاذ پر ناکام بنائیں گے، پیر ارشد کاظمی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ اہلسنّت کا ہر فرد دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کا علمبردار ہے۔ موجودہ دور میں دین، مدارس اور عقیدہ اہلسنّت کے خلاف ہونے والی سازشیں تشویشناک ہیں، مگر ہم ان سازشوں کو ہر سطح پر ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان کی قیادت صاحبزادہ فیض رسول رضوی، پیر سید مراتب علی شاہ اور ڈاکٹر یونس رضوی اور دیگر قائدین نہ صرف مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں بلکہ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے پرامن آئینی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ۔پیر ارشد کاظمی نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو اہلسنّت کے عقائد، صوفیاء کرام کی تعلیمات اور دینی شعور سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزارات اولیاء، دینی مدارس اور علماء کرام کو درپیش مسائل حل کیے جائیں اور آپسی اختلافات کو ختم کرنے کے لیے مؤثر پالیسی اپنائی جائے۔تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے مزیدکہا کہ ملک اس وقت جس سیاسی، معاشی، تعلیمی اور اخلاقی بحران کا شکار ہے، اس کا واحد حل نظامِ مصطفی ﷺ کے نفاذ میں ہے۔

پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا، لیکن آج بھی عوام کو تعلیم، صحت، انصاف اور امن جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔پیر ارشد علی شاہ کاظمی نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان ایک پرامن، جمہوری اور نظریاتی تحریک ہے، جو ملک میں اہلسنّت و جماعت کے عقائد و نظریات کے تحفظ اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان عمل میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں ہم آہنگی، دینی وحدت اور صوفیاء کرام کی تعلیمات کے فروغ کے علمبردار ہیں۔ انتہاپسندی، بے راہ روی اور دین کے نام پر سیاست کرنے والوں سے نوجوانوں کو بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پیر صاحب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر، خصوصاً سندھ میں تعلیمی نظام زوال کا شکار ہے۔ ہزاروں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ سرکاری اسکول عملاً غیر فعال ہو چکے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دیہی و شہری علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔دینی مدارس کو تحفظ، تعاون اور وسائل فراہم کیے جائیں۔نصابِ تعلیم میں اسلامی اقدار اور سیرت نبوی ﷺ کو لازمی شامل کیا جائے۔پیر ارشد علی شاہ کاظمی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور کرپشن نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ عوام کو فوری ریلیف دینا حکومتِ وقت کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان غریبوں، بیواؤں، یتیموں اور بے سہارا افراد کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتی ہے اور ہر ممکن مدد کے لیے حاضر ہے۔پیر صاحب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان افراد کو منتخب کریں جو دین سے مخلص، کردار کے پکے اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ ہم ووٹ کی طاقت سے ایک ایماندار، دیانت دار اور عاشقانِ رسول ﷺ کی قیادت کو آگے لائیں، تاکہ ملک حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کے راستے پر گامزن ہو۔