ڈیرہ غازی خان ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس، ریجن بھر میں امن و امان اور لاء اینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 18:49

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیرِ صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریجن بھر میں امن و امان اور لاء اینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران، ڈپٹی کمشنرز اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ڈویژنل سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ریجن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، حساس مقامات، اقلیتی عبادت گاہوں اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجن بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

پنجاب۔کےپی کے بارڈر اور کچہ ایریا میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔

اشتعال انگیز تقاریر، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لیے قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔ حساس معلومات کے بروقت تبادلے اور مؤثر رابطہ کاری سے سکیورٹی صورتحال مزید بہتر بنائی جا سکتی ہے۔