ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں پہنچنے کے موقع کی منتظر ہے، عمائمہ سہیل

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:50

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پاکستانی ویمن ٹیم کی اوپنر بیٹر عمائمہ سہیل نے کہا ہے کہ ٹیم اب بھی آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں پہنچنے کے موقع کی منتظر ہے۔کولمبو کے آر. پریماداسا اسٹیڈیم میں پری میچ پریس کانفرنس میں عمائمہ سہیل نے کہاکہ ہم بالکل بھی ریلیکس نہیں ہیں۔ ہمارے پاس سیمی فائنل میں جانے کا موقع ہے اگر ہم تین میز جیت جائیں۔

’انہوں نے کہا کہ تو شاید ابھی موقع کھلا ہے، اگر ہم تین میچ جیت جائیں تو سیمی فائنل میں جانے کا چانس ہے۔عمائمہ نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں فارم کی جھلک دکھائی تھی ، انہوں نے کورز کے ذریعے دو شاندار ڈرائیوز کھیلیں اور 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہی تھیں۔وہ، اپنی ساتھی اوپنر منیبہ علی کے ساتھ، ٹاپ آرڈر میں استحکام فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی ظ کیونکہ اب تک پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ پورے ٹورنامنٹ میں 200 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

عمائمہ نے اوپننگ کے چیلنجز کے بارے میں کہا:’ میرے خیال میں سب سے بڑا چیلنج اوپن کرنا ہے یعنی نئی گیند کھیلنا۔ اگر آپ نے میچز دیکھے ہوں تو گیند سوئنگ ہو رہی ہے اور پچ سیمرز کی مدد کر رہی ہے۔ میں نئی گیند کو کھیلنے پر کام کر رہی ہوں تاہم پاکستان کی بولنگ اب تک گرین شرٹس کے لیے سب سے مثبت پہلو رہی ہے، ٹیم نے انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کو لگاتار میچوں میں بالترتیب 78-7 اور 76-7 پر محدود کر دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ بین سوئر بھی پریس کانفرنس میں پاکستانی بولنگ سے خبردار نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کچھ ٹیموں کو واقعی مشکل میں ڈال دیا ہے، میرا خیال ہے انہوں نے آسٹریلیا کی 60 پر 6 اور پھر انگلینڈ کی 70 پر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا تھا۔ اس لیے ان کا بولنگ اٹیک ایسا ہے جس سے ہمیں بہت محتاط رہنا ہوگا۔بین سوئر نے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے ٹاپ آرڈر میں نظر آنے والی بہتری کی بھی تعریف کی،ان کا ٹاپ آرڈر اچھا نظر آیا ، پچھلے میچ میں انہوں نے ہدف کا تعاقب کافی آسان دکھایا۔ وہ متاثرکن رہے ہیں۔