امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات، چینی قیادت سے ملاقاتیں، سعودی عرب کے ساتھ نئے سکیورٹی انتظامات اورسی پیک ٹوکا آغاز پاکستانی معیشت کیلئے مثبت جغرافیائی عوامل ہیں، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا عالمی فورم سے خطاب

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات، چینی قیادت سے ملاقاتیں، سعودی عرب کے ساتھ نئے سکیورٹی انتظامات اورسی پیک ٹوکا آغاز پاکستانی معیشت کے لئے مثبت جغرافیائی عوامل ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

۔انہوں نے یہ بات عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے پانچویں روز منقسم دنیا میں مالی وسائل کی فراہمی کے موضوع پر منعقدہ عالمی فورم میں کہی۔وزیر خزانہ نے اپنی تقریر میں سال 2025-26 میں عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر گفتگو کی اور عالمی معیشت کو بڑھتی ہوئی تجارتی رکاوٹوں اور توانائی کی قیمتوں میں کمی جیسے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے مشکلات کے باوجود اپریل 2025 میں پیش کی گئی توقعات کے برعکس عالمی معیشت میں استقلال اور مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ مہینوں میں باہمی تجارتی محصولات میں اضافہ کے باوجود عالمی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی معیشت کو بڑے شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے باعث نئے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات، چینی قیادت سے ملاقاتوں، سعودی عرب کے ساتھ نئے سکیورٹی انتظامات اورسی پیک ٹو کے آغاز کو پاکستانی معیشت کے لئے مثبت جغرافیائی عوامل قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ مختلف ممالک بڑھتی ہوئی تجارتی تقسیم کے باعث علاقائی تجارتی راہداریوں اور نئے شراکت داروں کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے اپنی تقریر میں پاکستان میں حالیہ سیلابوں سے ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالی اوربتایا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لئے ایک وجودی چیلنج ہے اورپاکستان ان تبدیلیوں کے منفی اثرات کاسامناکررہاہے۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔