سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی میں ہلال احمر نے ہمیشہ مثالی اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، فیصل کریم کنڈی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی میں ہلال احمر نے ہمیشہ مثالی اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں بھی ہلال احمر کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور یہ ادارہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (ہلالِ احمر) کی مرکزی چیئرپرسن مسز فرزانہ نائیک سے یہاں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات اور آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ سردیوں کی آمد سے قبل متاثرین سیلاب کو اضافی حفاظتی اور روزمرہ استعمال کا سامان درکار ہوگا، اس لیے امدادی سامان کی بروقت فراہمی انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر چیئرپرسن ہلال احمر مسز فرزانہ نائیک نے گورنر کو یقین دہانی کرائی کہ ادارہ اس سلسلے میں ڈونرز سے بھرپور تعاون حاصل کرے گا اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مایوس نہیں کرے گا۔گورنر نے تمام امدادی اداروں اور دوست ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔