گورنربلوچستان سے بنگلہ دیش کے ڈپٹی کمشنر محمد ثاقب صداقت کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ڈپٹی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے ملاقات کی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ بنگلہ دیش کے سرمایہ کار بلوچستان میں زراعت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔

گورنر مندوخیل نے بلوچستان میں موجود بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقعوں کا ذکر کرتے ہوئے زراعت، معدنیات، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے شعبوں کو نمایاں کیا، زراعت، ماہی گیری اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بلوچستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے شاندار مواقع دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

یہ حقیقت ہے کہ سمال کاٹیج انڈسٹریز میں بنگلہ دیش کا بہت بڑا تجربہ ہے،ہم پاکستان میں خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بہتر رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، خواتین ہماری نصف آبادی سے زائد ہیں، ان کیلئے تجارت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے نئے تقاضوں کے مطابق نئے ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کی حکمت عملی زیادہ کارآمد ہو سکتی ہے جسکے نتیجے میں عوام سے عوام کے روابط اور باہمی افہام و تفہیم کو بھی فروغ ملے گا۔