ملتان میں صاف ماحول اور نقل وحرکت کے فروغ کےلئے الیکٹرک وہیکل کانفرنس کا انعقاد

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) کلائمیٹ ایکشن سینٹر کی جانب سے ملتان میں تیسری الیکٹرک وہیکلز (EV) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔بینک آف پنجاب اور معروف برقی موٹر سائیکل ساز کمپنی کی معاونت سے منعقدہ تقریب میں نجی اداروں اور کمپنیوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر کلائیمیٹ ایکشن سینٹر یاسر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برقی نقل و حرکت ہمارے معاشرے اور ماحول کےلئے انتہائی ضروری ہے،آنے والے دنوں میں برقی گاڑیوں کی مانگ اور اہمیت بڑھے گی اور یہ ہمارے صاف اور پائیدار ماحول کےلئے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ای وی منتقلی کو سنجیدگی سے لینا شروع کر دیا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

یاسر حسین کا مزید کہنا تھا کہ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت تمام پٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مرحلہ وار ختم کر دی جائیں گی جس سے وہ آلودہ ہوا صاف ہوگی جو ہمیں مسلسل بیمار رکھتی ہے،ہمیں ابھی سے بیٹری ری سائیکلنگ یونٹس قائم کرنے کی سہولت فراہم کرنی ہوگی۔

بینک آف پنجاب کے ہیڈ آف پروجیکٹ فنانس اینڈ ایکویٹی ایڈوائزری نعیم جاوید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ای وی تیزی سے دنیا بھر میں مرکزی ذرائع نقل و حرکت کا حصہ بن رہی ہیں،صرف چین عالمی ای وی مارکیٹ کا 65 فیصد حصہ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2024 میں دنیا بھر میں 1 کروڑ 70 لاکھ برقی گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو کل کار سیلز کا 24 فیصد تھیں اور یہ تعداد آئندہ سال 2 کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

محمد سعید اختر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال سے اب تک دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد دو پہیوں والی برقی گاڑیاں فروخت کی گئی ہیں۔ ایک عام برقی موٹر سائیکل کی قیمت 1.5 سے 2 لاکھ روپے تک ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اس سال اس کے 1,16,000 یونٹس فروخت ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ برقی اسکوٹیز خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں، اور 80 فیصد صارفین خواتین ہی ہیں۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے محمد یاسین نے عوامی ٹرانسپورٹ میں ای وی بسوں کی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں 69 ای وی بسیں پہلے ہی چل رہی ہیں۔ یہ بسیں میٹرو کی طرح وقت کی بچت کے ساتھ ماحول دوست بھی ہیں، تاہم ان کی چارجنگ انفراسٹرکچر کے مسائل فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ایس ڈی پی آئی سے تعلق رکھنے والے توانائی کے ماہر ڈاکٹر خالد ولید کا کہنا تھا کہ ۔

ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر کو قابلِ تجدید توانائی سے چلنا چاہیے تاکہ ہم وہی ماحولیاتی نقصان نہ کریں جسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تقریب میں موجود دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ ای وی کا رحجان حکومتی مراعات اور سبسڈی کے باعث تیزی سے بڑھ رہا ہے۔واضح رہے کہ عوام کو برقی گاڑیوں کی اہمیت اور ماحول کےلئے افادیت پر کراچی اور لاہور کے بعد ملتان میں یہ تیسری کانفرنس منعقد کی گئی۔