ْوزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا شہر بھر میں مختلف مقامات پر جاری انسداد سموگ سرگرمیوں کا جائزہ

غوث اعظم روڈ، مین بلیوارڈ فیصل ٹاؤن، اور خیابانِ فردوسی جوہر ٹاؤن کے مختلف مقامات کا دورہ کیا تمام ترقیاتی منصوبوں کے مقامات پر پانی کے باقاعدہ چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے‘بلال یاسین کی ہدایت

اتوار 19 اکتوبر 2025 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں واسا لاہور سموگ تدارک کیلئے متحرک، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر جاری انسداد سموگ سرگرمیوں کا جائزہ کیا،صوبائی وزیر بلال یاسین نے غوث الاعظم روڈ، مین بلیوارڈ فیصل ٹاؤن، اور خیابانِ فردوسی جوہر ٹاؤن کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے واسا لاہور کی جانب سے پانی کے چھڑکاؤ اور صفائی کے عمل کا جائزہ لیا، ایم ڈی واسا نے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور روزانہ کی بنیاد پر مختلف سڑکوں پر چھڑکاؤ کر رہا ہے تاکہ سموگ کے اثرات میں نمایاں کمی لائی جا سکے، واسا لاہور اپنے تمام وسائل بروئے کار لا کر سموگ کے خاتمے اور شہریوں کیلئے صاف ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، صوبائی وزیر نے تمام ترقیاتی منصوبوں کے مقامات پر پانی کے باقاعدہ چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی، تعمیراتی ملبہ، مٹی اور گردوغبار کے فوری خاتمے کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں، شہری علاقوں میں صفائی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور ٹریفک پولیس کی کوآرڈینیشن برقرار رکھی جائے، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے واضح کیا کہ عوامی آگاہی مہم کے تحت شہریوں کو بھی سموگ کے تدارک کے اقدامات میں شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلال یاسین نے خیابان فردوسی جوہر ٹاؤن میں ٹرنک سیوریج سسٹم کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور کو سموگ فری شہر بنانے کیلئے تمام ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت سرگرم عمل ہیں۔