گورنرخیبر پختونخوا کاوزیراعظم کو خط‘گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندیوں کے خلاف مداخلت کی درخواست

ایسی پابندیاں نہ صرف صوبے کی غذائی تحفظ کو متاثر کرتی ہیں بلکہ آئین میں درج معاون وفاق کی روح کے بھی خلاف ہیں. فیصل کنڈی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 اکتوبر 2025 13:53

گورنرخیبر پختونخوا کاوزیراعظم کو خط‘گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 اکتوبر ۔2025 ) گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد ‘’غیر آئینی پابندیوں“ کے خلاف مداخلت کی درخواست کی ہے یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پنجاب حکومت کو خیبر پختونخوا اور سندھ کی جانب سے اس الزام پر تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے دونوں صوبوں کے لیے گندم کی ترسیل روک رکھی ہے.

(جاری ہے)

تاہم ایک روز قبل پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے واضح کیا تھا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی ”پروپیگنڈہ مہم “بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ” ایکس“ پر اپنے بیان میں کہا کہ ایسی پابندیاں نہ صرف صوبے کی غذائی تحفظ کو متاثر کرتی ہیں بلکہ آئین میں درج معاون وفاق کی روح کے بھی خلاف ہیں انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا.

گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو ارسال کردہ خط ایکس پر بھی شیئر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں ’سنگین تشویش‘ کا باعث ہیں کیونکہ خیبر پختونخوا ’گندم کے لحاظ سے کمی والے صوبے‘ میں شمار ہوتا ہے اور اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑی حد تک دیگر صوبوں سے آنے والی گندم پر انحصار کرتا ہے. خط میں کہا گیا کہ یہ پابندیاں آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہیں جو صوبوں کے درمیان تجارت، کاروبار اور نقل و حرکت کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے گورنر فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ گندم کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ مصنوعی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور عوامی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے، جس سے عوامی ناراضگی جنم لے سکتی ہے.

انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ مہربانی فرما کر فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ پابندیاں ختم کر کے خیبر پختونخوا میں گندم کی بلا رکاوٹ اور آئینی طور پر محفوظ ترسیل کو یقینی بنائیں گورنر نے آخر میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق کا موثر اور بروقت تحفظ کیا جائے گا.