غلام مرتضیٰ جتوئی کیس کے تفتیشی افسر کی پانچویں بار عدالت میں غیر حاضری پر برہم ،ان کی گرفتاری ، شناختی کارڈ بلاک اور تنخواہ روکنے کا حکم دے دیا

جمعرات 30 اکتوبر 2025 15:42

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2025ء) جی ڈی اے رہنماغلام مرتضیٰ جتوئی کیس کے تفتیشی افسر کی پانچویں بار غیر حاضری پر عدالت نے انکی گرفتاری ،شناختی کارڈ بلاک اور تنخواہ روکنے کا حکم دے دیاہے۔جی ڈی اے کے مرکزی رہنما اور نیشنل پارٹی کے سربراہ غلام مرتضی جتوئی ڈوکری اور باڈہ تھانوں میں درج مقدمات کے سلسلے میں لاڑکانہ کی فرسٹ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کے ہمراہ ان کے بھائی مسرور جتوئی، جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور وکیل عرفان جتوئی بھی موجود تھے۔

عدالتی کارروائی کے دوران تفتیشی افسر کی غیر حاضری کے باعث عدالت نے سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔اس موقع پر غلام مرتضی جتوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر کی بار بار غیر حاضری پر عدالت نے اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں اور اس کا شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعرات کوسماعت کی چوتھی تاریخ تھی، لیکن تفتیشی افسر پھر بھی پیش نہیں ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جان بوجھ کر عدالت میں پیش ہونے سے گریز کر رہا ہے۔

اس موقع پر جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا کہ غلام مرتضی خان جتوئی پر درج مقدمات مکمل طور پر جھوٹے اور سیاسی انتقام کا نتیجہ ہیں، جن کی جی ڈی اے شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عام کارکن بھی بخوبی جانتے ہیں کہ یہ مقدمات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اس وقت دھان کی فصل کے باعث کسانوں کو بھاری معاشی نقصان پہنچا ہے، جو سندھ کی تاریخ میں پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے مسئلے پر جی ڈی اے نے اہم کردار ادا کیا اور عوامی دبائو کے تحت حکومت کے غلط فیصلے کو روکنے کی کوشش کی، لیکن اس وقت سندھ میں امن و امان، صحت اور تعلیم کی صورتحال انتہائی خراب ہے، ہر شہر تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ چانڈکا اسپتال کی حالت حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی جدوجہد عوامی حقوق کے لیے آج بھی جاری ہے، ہم گزشتہ آٹھ سالوں سے عوام کے حق کے لیے کھڑے ہیں اور اس جعلی حکومت کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے کے تین امیدواروں نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا، کیونکہ ہم اس غیر قانونی اور نااہل حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔