لاہور کا فضائی معیار خطرناک حد تک خراب، دنیا میں دوسراپر آگیا

منگل 11 نومبر 2025 20:08

لاہور کا فضائی معیار خطرناک حد تک خراب، دنیا میں دوسراپر آگیا
/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2025ء) لاہور کا فضائی معیار خطرناک حد تک خراب ہونے کے باعث عالمی درجہ بندی میں دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 561 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جا رہا ہے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح 900 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

اقبال ٹاؤن میں 947، ایف سی کالج کے اطراف 923، گلبرگ جی تھری میں 810، ڈی ایچ اے فیز 8 میں 809، صدر کینٹ میں 715، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف 703 اور سید مراتب علی روڈ پر 702 AQI ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں اے سی آفس شالیمار میں 780، راوی روڈ پر 761، علامہ اقبال ٹاؤن میں 649، ایف ایف پاکستان کے اطراف 647، ڈی ایچ اے فیز 8 میں 645، سید مراتب علی روڈ پر 591 اور سی ای آر پی گلبرگ میں 567 AQI نوٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ماہرین ماحولیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور بیرونی سرگرمیوں کو محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔ موجودہ موسم میں ہوا کے ساکن ہونے اور دھند کے باعث سموگ میں اضافہ ہو رہا ہے، جو شہریوں کے لیے شدید سانس اور آنکھوں کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

دوسری جانب سموگ الرٹ کے بعد پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھر میں موسم سرما کی چھٹیاں 22 دسمبر 2025 سے شروع ہو کر 09 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے باعث سکولز دوبارہ 12 جنوری کو کھولیں گے۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا کہ یہ شیڈول سرکاری اور نجی دونوں تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا، اور کسی بھی سکول کو اپنے طور پر شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔