عمران خان چاہتا تو دوسروں کی طرح این آراو لے کر باہر بھاگ جاتا مگر وہ نہیں بھاگا

میرا لیڈر ملک کی خاطر قربانیاں دے رہا ہے، عمران خان کی بہنوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں پھر بھی تشدد کیا گیا، منتخب چیف ایگزیکٹو کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 19 نومبر 2025 20:02

عمران خان چاہتا تو دوسروں کی طرح این آراو لے کر باہر بھاگ جاتا مگر وہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 نومبر 2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتا تو دوسروں کی طرح این آراو لے کر باہر بھاگ جاتے مگر وہ نہیں بھاگا، میرا لیڈر ملک کی خاطر قربانیاں دے رہا ہے، عمران خان کی بہنوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں پھر بھی تشدد کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے حویلیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس سپاس نامے کا آج ذکر کیا گیا ہے، اس کی منظوری وہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔

انہوں نے عوام کو مزید خوشخبریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد اور حویلیاں کے لیے آنے والے دنوں میں بڑی ترقیاتی منصوبوں کی نوید سنائی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے مانسہرہ کے لیے اہم اعلانات کیے، جن میں ٹراما سنٹر کا قیام، وومن اینڈ چلڈرن سنٹر کی تعمیر اور کنگ عبداللہ اسپتال کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمران خان کی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سب سے مقبول لیڈر اس وقت قید میں ہے۔

عمران خان نے اپنی جان، مال اور اپنے اہلِ خانہ تک کی قربانیاں دیں۔ عمران خان کی بہنوں پر تشدد کیا گیا، حالانکہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اگر عمران خان چاہتے تو دوسروں کی طرح این آر او لے کر باہر بھاگ جاتے، مگر وہ نہیں بھاگے۔ میرا لیڈر ملک کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ انہیں، صوبے کے منتخب چیف ایگزیکٹو ہونے کے باوجود، عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ہر قانونی راستہ اپنانے کے باوجود اگر ملاقات نہیں کرائی جاتی، تو پھر ایک ہی راستہ باقی رہ جاتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے جلسے کے شرکا کو یقین دلایا کہ وہ عمران خان کے وژن اور عوامی امانت کی حفاظت کے لیے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو پیغام دیتا ہوں کہ اگر کسی نے دھاندلی میں سہولت کاری کی یا نتائج تبدیل کرنا چاہے تو میں عوام کے سامنے اعلان کرتا ہوں تم صبح کی روشنی نہیں دیکھ سکو گے۔