Live Updates

سرگودھا، غیر قانونی سگریٹ مینوفیکچرنگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

جمعرات 20 نومبر 2025 17:21

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ایک اعلی سطح کے اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سگریٹ کی مینوفیکچرنگ اور فروخت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نان کسٹوڈیئل سگریٹ کی قانونی پیداوار موجود نہیں، اس لیے جہاں بھی ایسی پروڈکشن یا سپلائی ہو رہی ہے وہاں قانون کے مطابق فوری ایکشن ہو۔

مقامی سطح پر جو لوگ چھپ کر سیل یا پروڈکشن کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ کمشنر نے ایکسائز اور ریونیو حکام کو مشترکہ ٹیمیں بنا کر کارروائی تیز کرنے کا ٹاسک دیا اور ہدایت کی کہ سگریٹ شاپس اور گوداموں کی باقاعدہ چیکنگ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک ایپ بھی تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے اسکین کر کے غیر قانونی سگریٹ کی شناخت کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایکسائز افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بلا کر کارروائی کا واضح میکنزم بنائیں اور غیر قانونی مینوفیکچرنگ، گوداموں اور اسٹورز کے خلاف اقدامات اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، اے ڈی سی آر بھکر، ایم ڈی پی ایچ اے، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی، سی او ایم سی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران شریک تھے۔

کمشنر نے وزیر اعلی پنجاب کے پی آئیز کے مطابق مختلف شعبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے قبرستانوں کی صفائی، فیملی پارکس کی بہتری اور جھولوں کی دوبارہ انسپیکشن کی ہدایت کی۔ جنرل بس اسٹینڈز اور پٹرول پمپس کے واش رومز کی صفائی بہتر بنانے اور نئے واش رومز میں الیکٹرک چارجنگ پوائنٹس فعال رکھنے کی بھی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ فیسلٹیز کی انسپیکشن بلا تعطل جاری رہے،جبکہ شہری علاقوں میں نئی شجرکاری بھی کی جائے۔

ستھرا پنجاب پروگرام کی سرگرمیوں کو مثر بنانے اور ٹھیکیداروں کو معاہدے کے مطابق کام کا پابند بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ سکول وینز میں اوورلوڈنگ اور گیس سلنڈر کے استعمال کی روک تھام کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ سٹی بیوٹیفکیشن کے تحت چاروں اضلاع میں جاری کام تیز کیے جائیں۔الیکٹرک بسوں کے ویٹنگ ایریاز کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔

ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں کہا کہ ایسی اسکیموں کی فوری رپورٹ بھجوائی جائے جن کا پچاس فیصد کام مکمل ہو چکا ہے تاکہ حکومت سے مزید فنڈز کی سفارش کی جا سکے۔ انہوں نے شہروں میں بجلی کی لٹکتی تاروں کی ٹھیک کرنے اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کی بھی ہدایت کی۔ آوارہ کتوں کی تلفی، مین ہول کورز کی تنصیب اور پرائیویٹ ہاسنگ سوسائٹیز میں مین ہولز کور کرنے متعلق رپورٹ تین دن میں طلب کر لی گئی ہے۔ دکانوں کے سامنے لٹکے ترپال اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے بھی عملی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں عوامی سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیش رفت سے کمشنر کو آگاہ کیا۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات