موجودہ جیو سٹریٹجک ماحول میں مضبوط قومی دفاع، قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے، جنرل ساحر شمشاد مرزا

بدھ 26 نومبر 2025 19:05

موجودہ جیو سٹریٹجک ماحول میں مضبوط قومی دفاع، قومی سلامتی کا بنیادی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2025ء) سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نےاس بات پر زور دیا ہےکہ موجودہ جیو سٹریٹجک ماحول میں مضبوط قومی دفاع، قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاکو ان کی 40 سالہ شاندار عسکری خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سینئر عسکری افسران نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے انہیں اپنے فرائض کو بھرپور محنت، پیشہ وارانہ مہارت اور بے لوث جذبے کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مسلح افواج کے شہداء اور اُن کے خاندانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ جیو سٹریٹجک ماحول میں مضبوط قومی دفاع، قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قوم کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ہمارے بہادر افسران و جوان اسے مزید مضبوط بنانے کے لئے ہمیشہ تیار کھڑے ہیں۔اس سے قبل جب وہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچے تو تینوں مسلح افواج کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں ’’گارڈ آف آنر‘‘ پیش کیا۔