پی ٹی اے نے پاکستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) /فائیو جی کے لئے سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا

منگل 10 مارچ 2026 21:23

پی ٹی اے نے پاکستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) /فائیو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2026ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے پاکستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) /فائیو جی کے لئے سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا ہے ،مجموعی طور پر مختلف بینڈز میں جاز نے 190 میگاہرٹز،یوفون نے 180 میگاہرٹزاورزونگ نے 110میگاہرٹز سپیکٹرم حاصل کیا،یہ اقدام ملک کے ڈیجیٹل سفر میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے چیئرمین سید امین الحق، اراکینِ قومی اسمبلی، سینیٹرز، اعلیٰ سرکاری حکام اور ٹیلی کام سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر پاکستان کے مستقبل کے لئے 5 جی کی معاشی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے بنیادی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی کے لئے مؤثر پالیسیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی تاکہ پاکستان عالمی سطح پر ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت نے شعبے کی پائیدار ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 جی پالیسی مرتب کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیلامی کا مقصد محض زیادہ سے زیادہ فوری آمدن کا حصول نہیں بلکہ ٹیلی کام آپریٹروں کو نیٹ ورک کی توسیع اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ ملک بھر کے صارفین کو جدید، معیاری اور تیز رفتار ڈیجیٹل خدمات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ فائیو جی کی کامیاب نیلامی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، اس نیلامی میں 600 میگاہرٹز سپیکٹرم کی نیلامی کی گئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر شفافیت یقینی بنانے کیلئے نیلامی کے عمل کو براہ راست نشر کیا گیا ، یہ ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، پہلے ہمارے پاس 274 میگاہرٹز سپیکٹرم تھا، اس نیلامی سے تھری جی اور فور جی کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور انٹرنیٹ کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس عمل سے پاکستان ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں فائیو جی دستیاب ہو گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت ایڈوائزری کمیٹی کے تمام اراکین کی شکرگزار ہوں، سپیکٹرم کی دستیابی کو یقینی بنانے پر مختلف اداروں کی بھی شکرگزار ہوں۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی اے نیلامی کے شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے جدید ٹیکنالوجیز کے فروغ کے حوالے سے پُرعزم ہے جس کے نتیجے میں صارفین کو بہتر اور مؤثر ڈیجیٹل سہولیات میسر ہوں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے کی جانب سے صارف دوست اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں رائٹ آف وے چارجز کو صفر کرنا بھی شامل ہےتاکہ نیٹ ورک کی تیز رفتار توسیع کو ممکن بنایا جا سکے اور ٹیلی کام آپریٹرز کو درپیش رکاوٹوں میں کمی لائی جا سکے۔واضح رہے کہ 5 جی (این جی ایم ایس) سپیکٹرم کی یہ نیلامی پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے عالمی منظرنامہ میں نمایاں مقام کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

پی ٹی اے اس امر کے لئے پُرعزم ہے کہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے، ڈیجیٹل شمولیت کے دائرہ کار میں توسیع اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی پائیدار و جامع ترقی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سپیکٹرم کی ایلوکیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔واضح رہے کہ نیلامی میں تین ٹیلی کام کمپنیوں نے حصہ لیا جنہوں نے اس عمل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔

پی ٹی اے نے ملک میں فائیو جی سروسز متعارف کرانے کے منصوبے کے تحت بولی کے لئے تقریباً 600 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی پیشکش کی تھی۔پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ کے مطابق پہلے مرحلے میں 2600 میگا ہرٹز بینڈ میں کل 190 میگا ہرٹز سپیکٹرم بولی کے لئے پیش کیا گیاتاہم طلب رسد سے تجاوز کر گئی، 110 میگاہرٹز کی اضافی طلب ریکارڈ کی گئی۔

زیادہ مانگ کی وجہ سے نیلامی کے دوسرے مرحلے کے لئے سپیکٹرم کی قیمت میں پانچ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ڈی جی لائسنسنگ نے مزید کہا کہ 3.5 گیگا ہرٹز بینڈ، تقریباً 280 میگا ہرٹز سپیکٹرم، پہلے مرحلے کے دوران دستیاب کرایا گیا تھا جبکہ ڈیمانڈ 200 میگاہرٹز تک پہنچ گئی تھی۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کامیاب بولی دہندگان کے ناموں کا اعلان کیا۔

سپیکٹرم مختص کرنے کے مرحلے کے نتائج کے مطابق2300 میگاہرٹز بینڈمیں جاز نے تمام پانچ لاٹس (50 میگاہرٹز)حاصل کر لیے۔2600 میگاہرٹز بینڈ کےتمام 19 لاٹس فروخت ہو گئےجن میں جاز نے 7جبکہ زونگ اور یوفون نے6، 6 لاٹس حاصل کئے۔3500 میگاہرٹز بینڈمیں 28 میں سے 22 لاٹس فروخت ہوئے، جن میں جاز نے 5، زونگ نے 5، اور یوفون نے 12 لاٹس جیتے۔مجموعی طور پر مختلف بینڈز میں جاز نے 190 میگاہرٹز،یوفون نے 180 میگاہرٹزاورزونگ نے 110میگاہرٹزاسپیکٹرم حاصل کیا۔مختص کرنے کا مرحلہ بولی کے تین راؤنڈزکے بعد مکمل ہوا۔\932