پنجاب میں منشیات کے خلاف تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری منگل 2 دسمبر 2025 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2025ء)  ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کے زیر اہتمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سٹاف کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر مظہر اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین، اعزازی کونسل جنرل سری لنکا یاسین جوائیہ، اور وائس چیئرمین سید محسن نے خطاب کیا۔

تربیتی ورکشاپ کا موضوع "منشیات کے استعمال کی روک تھام میں بین الاقوامی معیار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو مضبوط بنانا" تھا۔ ورکشاپ میں ایف آئی اے، اے این ایف، سی این ایف، پنجاب پولیس، ائیرپورٹس سیکورٹی فورس، ٹریفک پولیس، وکٹم سپورٹ پروگرام، ریسکیو پنجاب ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر اداروں کے اہلکار شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر مظہر اقبال نے کہا کہ پنجاب میں نئی فورس کے قیام سے منشیات کی سپلائی کو روکنے میں مدد ملے گی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان منشیات کے تدارک میں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کریں۔

انہوں نے ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا۔ کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے کہا کہ مستقبل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سٹاف کی ایڈوانس ٹیکنالوجی اور جدید طرز پر ٹریننگ کی جائے گی، اور منشیات کی سپلائی کو روکنے کے لیے ڈیمانڈ ریڈکشن اور مربوط نظام کی بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ اعزازی کونسل جنرل سری لنکا یاسین جوائیہ نے کہا کہ نوجوانوں میں آگاہی کے لیے یونیورسٹیوں میں مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔