کراچی میں گٹر میں گر کر جاں بحق ابراہیم کے والد کا کھلے گٹروں کے ڈھکن لگوانے کا اعلان

کراچی میں جتنے ڈپارٹمنٹل سٹورز ہیں جن کے آگے گٹروں کے ڈھکن نہیں لگے، وہ سب جاکر میں لگواؤں گا؛ ابراہیم کے والد کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 دسمبر 2025 15:13

کراچی میں گٹر میں گر کر جاں بحق ابراہیم کے والد کا کھلے گٹروں کے ڈھکن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2025ء) کراچی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گٹر میں گر کر جاں بحق ابراہیم کے والد کا کھلے گٹروں کے ڈھکن لگوانے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے ابراہیم کے والد نے حکومت سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کھلے گٹروں کے ڈھکن لگوانے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم کے والد نے روتے ہوئے کہا کہ میں کس کو کیا کہوں؟ میرا بچہ تو چلا گیا، ان کے خلاف کون کارروائی کرے گا؟ کسی کو کرنی ہوتی تو وہ اس جگہ موجود ہوتے۔

مرحوم بیٹے کے باپ کا کہنا ہے کہ میرا بچہ 14 سے 15 گھنٹے پانی میں رہا، اسے کوئی نکالنے نہیں آیا، حکومت سے کہوں گا کہ آپ لوگ گٹروں کے ڈھکن نہیں لگواسکتے تو میں یہ کام شروع کروں گا تاکہ کسی دوسرے بچے کی جان نہ جائے، میرا نمبر لکھ لیں، عوام مجھے فون کرے، ان کے گھر کے آگے کے گٹر اگر کھلے ہیں تو اس کے ڈھکن میں لگواؤں گا، کراچی میں جتنے ڈپارٹمنٹل سٹورز ہیں جن کے آگے گٹروں کے ڈھکن نہیں لگے، وہ سب جاکر میں لگواؤں گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دو روز قبل شہر قائد میں نیپا چورنگی کے قریب 3سالہ معصوم بچہ ابراہیم کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش 14گھنٹوں بعد ملی، بچے کی تلاش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، ریسکیو عملے کی جانب سے اپنے طور پر کوشش کی گئی لیکن مناسب مشینری نہ ہونے کے باعث آپریشن روکنا پڑا کیوں کہ ان کے پاس کھدائی کے لیے ضروری مشینری دستیاب نہیں تھی اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے کی جانب سے کوئی معاونت فراہم کی گئی جس پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوائی اور کھدائی کا کام شروع کیا۔

بتایا گیا کہ مین ہول میں گرنے والے 3 سالہ بچے کی شناخت ابراہیم ولد نبیل کے نام سے ہوئی جو اہل خانہ کے ساتھ قریبی ڈیپارٹمنٹل سٹور میں خریداری کے لیے آیا تھا، شاپنگ کے بعد باہر نکلتے ہی بچہ ہاتھ چھڑا کر بھاگا اور بغیر ڈھکن والے گٹر میں گرگیا، بچے کے والد موٹر سائیکل پارک کر رہے تھے کہ اس دوران ابراہیم اچانک ان کے پیچھے آیا اور بغیر ڈھکن والے مین ہول میں جا گرا۔