Live Updates

افغان طالبان رجیم ایک پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگا رہی ہے

پاکستان ان بےبنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے ہماری دفاعی کارروائیاں دہشتگردوں کیخلاف درست اہداف پر مبنی ہیں، طالبان رجیم کا گمراہ کن بیانیہ خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے، کورکمانڈرز کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 مئی 2026 20:27

افغان طالبان رجیم ایک پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پر شہریوں کو نشانہ بنانے ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔05 مئی 2026ء ) اعلامیہ کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان رجیم ایک پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگا رہی ہے، پاکستان ان بےبنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے ہماری دفاعی کارروائیاں دہشتگردوں کیخلاف درست اہداف پر مبنی ہیں، طالبان رجیم کا گمراہ کن بیانیہ خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈر ز کانفرنس منعقد ہوئی۔ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج  تحسین  پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنزکے عزم، مستعدی  اور کامیابی کو سراہا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، اُن کے معاون انفراسٹرکچر کی  تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے روکنے کے لیے  موجودہ آپریشنل رفتار برقرار  رکھی جائے گی۔

فورم نے آپریشن غضب للحق کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کی مسلسل تباہی  کا احاطہ کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں، افغان طالبان رجیم کی دہشتگردی کو سپورٹ  افغان عوام کے مفادات کے مکمل برعکس ہے اور یہ رجیم اب اپنے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے، افغان طالبان رجیم حالیہ دنوں میں ایک مسلسل پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پر افغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا  الزام لگا رہا ہے، یہ  گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان رجیم  کی ایک منظم  ڈس انفارمیشن مہم  کا حصہ ہے، جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم  پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے، پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کر تا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ہماری  دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں،  دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور  معاون  انفراسٹرکچر کے خلاف درست اہداف پر مبنی ہیں۔

فورم نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ابھرتی ہوئی  جیو پولیٹیکل پیش رفت علاقائی استحکام  پر گہرا  اثر ڈال سکتی ہیں۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے  کی اہمیت پر زور دیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ میں استحکام کے فروغ اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطہ میں امن اور استحکام کا دارومدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خودمختاری کے احترام پر  مبنی ہے۔ فیلڈ مارشل نے "معرکۂ حق"  کا  یاد گار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق  قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خودمختاری کی ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے۔

کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ قومی سطح پر معرکہ حق کی یاد منانا بھارتی متکبرانہ سیاسی سوچ کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل  "بنیانٌ مرصوص" کی مانند یکجا کھڑیں ہیں۔

فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر  میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیرکے  عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسزنے پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل، مربوط ردِعمل اور روایتی و غیر روایتی دونوں نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
Live آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ ترین معلومات