میوچل فنڈ کا شعبہ بچتوں کو متحرک کرنے، مالیاتی ثالثی کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، وزیرخزانہ

منگل 5 مئی 2026 20:20

میوچل فنڈ کا شعبہ بچتوں کو متحرک کرنے، مالیاتی ثالثی کو مضبوط بنانے ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ میوچل فنڈ کا شعبہ بچتوں کو متحرک کرنے، مالیاتی ثالثی کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پائیدار معاشی ترقی کے لئے بچت کے نظام کو مزید مضبوط بنانا اہمیت کاحامل ہے ۔وہ منگل کویہاں میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان (میوفاپ)کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔

وفدکی قیادت چیئرمین میوفاپ شہزاد دادا کر رہے تھے۔ ملاقات میں میوچل فنڈ انڈسٹری سے متعلق امور اور آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے تناظر میں اس کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے اثاثہ جاتی نظم و نسق (ایسٹ مینجمنٹ)کی صنعت کی جانب سے پالیسی مکالمے میں مسلسل شمولیت کو سراہا اور بچتوں کو متحرک کرنے، مالیاتی ثالثی کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی میں میوچل فنڈ شعبہ کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بچت کے مجموعی منظرنامے اور سرمایہ کاروں کے لئے دستیاب مالیاتی آلات کی کارکردگی اور گہرائی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر توجہ دی گئی۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ بچتوں کو متحرک کرنے کے لئے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط کیا جائے جبکہ یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ پالیسی اقدامات طویل المدتی مالیاتی شعبے کے اہداف سے ہم آہنگ رہیں۔

اجلاس میں میوچل فنڈ انڈسٹری سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی جس میں بجٹ فریم ورک پر خیالات اور شعبے کی ترقی کے لئے ریگولیٹری بہتری کی ضرورت شامل تھی۔ شرکا نے اثاثہ جاتی نظم و نسق کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کے لئے متبادل فنڈ ڈھانچوں (فنڈ وہیکلز)کی تشکیل کو آسان بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ میوچل فنڈز میں ریٹیل (عام)سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے کو ایک اہم ترجیح قرار دیا گیا تاکہ بچت کی بنیاد کو وسیع کیا جا سکے اور مالی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔

اسی طرح نان بینک مالیاتی اداروں کی زیادہ شرکت کو بھی اہم قرار دیا گیا تاکہ میوچل فنڈ انڈسٹری اور مجموعی مارکیٹ کی ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے، شرکا نے نیشنل سیونگز سکیمز کے حوالے سے بھی خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان آلات کو وسیع تر مارکیٹ حرکیات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے تاکہ بگاڑ پیدا نہ ہو اور تمام بچت مصنوعات کے لئے مساوی مواقع میسر آئیں،اس سلسلے میں بتدریج اور مربوط حکمت عملی کو اہم قرار دیا گیا۔

وزیر خزانہ نے وفد کی جانب سے پیش کردہ نکات کو سراہا اور کہا کہ ان تجاویز کو جاری بجٹ سازی کے عمل کے دوران زیرِ غور لایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ایک متوازن اور سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے جو اثاثہ جاتی نظم و نسق کی صنعت کی ترقی میں معاون ہو جبکہ مالیاتی استحکام کو بھی برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لئے بچت کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ایک کلیدی ستون ہے۔

فریقین نے موثر پالیسی سازی کیلئے مسلسل رابطہ برقراررکھنے اور اس شعبے کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ کی ترقی اور وسائل کے حصول میں مزید بہتری لانے پراتفاق کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو میوفاپ مشموما زہرہ مجید، بورڈ آف ڈائریکٹرز میوفاپ کے ارکان ڈاکٹر امجد وحید، محمد عبدالصمد،اور امتیاز گدر، خلدون بن لطیف نے شرکت کی۔ وزارتِ خزانہ کے اعلی حکام، بشمول ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس اور ممبر (ان لینڈ ریونیو آپریشنز)بھی اجلاس میں موجود تھے۔