ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آرہے ہیں، شہبازشریف

منگل 5 مئی 2026 20:20

ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آرہے ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آرہے ہیں، ٹیکس تنازعات کے جلد حل کیلئے اے ڈی آرنظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، اقدام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ،ٹیکس مقدمات کا فیصلہ جلد ہو گا۔منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ٹیکس مقدمات کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ الحمدللہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آرہے ہیں۔وزیراعظم نے ٹاسک فورس کے سربراہ شاد محمد خان اور دیگر ممبران کا محنت اور جانفشانی سے رپورٹ مرتب کرنے پر اظہار تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ٹاسک فورس کی طرف سے پیش کردہ ایکشن پلان کی منظوری دی ۔وزیراعظم نے ایکشن پلان کو ٹائم لائنز کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے ٹیکس تنازعات کے جلد حل کے لیے اے ڈی آرنظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اس نظام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو گا اور ٹیکس مقدمات کا فیصلہ جلد ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کمیٹی کی رپورٹ میں مجوزہ سی ایل ایم ایس جلد از جلد قائم کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایف بی آر کے قانونی ونگ میں ضرورت کے مطابق بہترین افرادی قوت کی خدمات لی جائیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ افرادی قوت کی خدمات کے حصول میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ٹاسک فورس نے 6 اصلاحات پر مبنی ایکشن پلان پیش کیا۔پلان میں کیس سکروٹنی کمیٹیوں کی تشکیل، سی ایل ایم ایس، کمشنرز سمیت تمام افسران کی کارکردگی کی رپورٹس کا مقدمات کے نتائج سے منسلک کیا جانا اور دیگر اصلاحات شامل ہیں۔بتایاگیاکہ ٹیکس کے تنازعات کے ڈیٹا کو منظم کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ سی ایل ایم ایس کا ڈیجیٹل نظام بنایا جائے گا، بتایاگیاکہ نئے نظام سے ٹیکس مقدمات اور تنازعات کی درست رپورٹنگ ممکن ہو گی جس سے ان مقدمات کی بروقت پیروی ہو سکے گی، اس سال اے ڈی آر کے فورم سے اب تک ٹیکس تنازعات کے فیصلوں سے قومی خزانے میں 24 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، شاد محمد خان سمیت ٹاسک فورس کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔