حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، وزیرخزانہ

منگل 5 مئی 2026 20:20

حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، وزیرخزانہ
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے، مالیاتی پالیسی میں توازن اور پائیداری کو بھی یقینی بنایا جائے گا، اہم شعبوں کے ساتھ مسلسل مکالمہ ضروری ہے۔ وہ منگل کویہاں انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان (آئی اے پی)کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔

ملاقات میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے تناظر میں انشورنس کے شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین آئی اے پی شعیب جاوید حسین کر رہے تھے۔وزیرخزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور بجٹ سازی کے مشاورتی عمل میں انشورنس انڈسٹری کی تعمیری شمولیت کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہم شعبوں کے ساتھ مسلسل مکالمہ ضروری ہے تاکہ پالیسی اقدامات معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ رہیں اور طویل مدتی مالی استحکام و ترقی میں معاون ثابت ہوں۔

(جاری ہے)

وفد نے انشورنس کی صنعت سے متعلق ٹیکس اور ریگولیٹری معاملات سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ شرکا نے موجودہ ٹیکس نظام کے مختلف پہلوئوں پر گفتگو کی اور خصوصا وفاقی اور صوبائی محصولات کے باہمی تعلق اور ان کے شعبے پر اثرات کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں انشورنس شعبہ کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس نظام میں تسلسل، ہم آہنگی اور پیش بینی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ انشورنس سے متعلق مخصوص قوانین کے اطلاق خاص طور پر انہیں مجموعی ٹیکس فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگ رکھنے کے حوالے سے وضاحت کی ضرورت پر بھی بات ہوئی ۔ وفد نے بتایاکہ موجودہ قانونی اور ریگولیٹری اصول بدلتی ہوئی پالیسی اور اکائونٹنگ معیارات کے مطابق رہیں۔ وفد نے بچت کو فروغ دینے اور انشورنس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے بھی تجاویز پیش کیں جن میں پالیسی ہولڈرز کے لیے ٹیکس مراعات کی ممکنہ بحالی شامل تھی۔

طویل مدتی بچت کے ذرائع کو آسان بنانا اور خصوصا تنخواہ دار طبقے کی زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کو اہم نکات کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے مالیاتی شعبے کی ترقی میں انشورنس کے کردار کو مضبوط بنانے پر بھی خیالات کا اظہار کیا جس میں سرمایہ کاری کے ڈھانچوں اور طویل المدتی مالیاتی آلات کے بہتر ربط کی ضرورت شامل تھی۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شعبے سے متعلق امور پر ریگولیٹرز اور پالیسی سازوں کے ساتھ مسلسل رابطہ نہایت ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ انہیں آئندہ بجٹ کی تیاری کے دوران بغور زیرِ غور لایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے تاہم مالیاتی پالیسی میں توازن اور پائیداری کو بھی یقینی بنایا جائے گا، فریقین نے بہترپالیسی سازی کیلئے حکومت اور انشورنس انڈسٹری کے درمیان مسلسل رابطہ برقراررکھنے اور معیشت میں اس شعبے کا کردار مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔

اجلاس میں چیئرمین آئی اے پی شعیب جاوید حسین، سینئر وائس چیئرمین محمد ہشام، چیئرمین آئی اے پی ٹیکس کمیٹی عمر فاروق، ممبر آئی اے پی ٹیکس کمیٹی عاصم ناگی اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔وزارت خزانہ کے اعلی حکام بشمول ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس اور ممبر (ان لینڈ ریونیو آپریشنز)بھی اجلاس میں موجود تھے۔