حکومت نے 2030ء تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، مصطفی کمال

منگل 5 مئی 2026 20:20

حکومت نے 2030ء تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، مصطفی ..
اسلام آبا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔ ہمارا ملک دنیا میں ہیپاٹائٹس سی کے بوجھ میں نمایاں حصہ رکھتا ہے جس کے پیش نظر فوری اور مثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں 21 ہیپاٹائٹس سی تشخیصی کانٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جن میں گلگت بلتستان میں 6 اور آزاد جموں و کشمیر میں 3 کانٹرز شامل ہیں۔ اسلام آباد میں پمز ہسپتال، فیڈرل جنرل ہسپتال (پولی کلینک)، نرم اور سی ڈی اے کے مراکز سمیت مختلف بنیادی مراکز صحت میں یہ کانٹرز قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں اسلام آباد میں اس پروگرام کا دائرہ کار 84 صحت سہولیات تک بڑھایا جائے گا جبکہ گلگت بلتستان میں 618 اور آزاد جموں و کشمیر میں 1012 صحت مراکز تک توسیع دی جائے گی۔وفاقی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں قائم کئے جانے والے 12 کانٹرز کو آئندہ ہفتے تک فعال کیا جائے اور متعلقہ ادارے تشخیصی کانٹرز پر سکریننگ کٹس اور دیگر ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ان کانٹرز کی سافٹ لانچنگ بھی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مثبت کیسز کی تصدیق کے لئے پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا اور ہیپاٹائٹس سی کے تمام مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بڑے پیمانے پر سکریننگ، بروقت تشخیص اور موثر علاج کے ذریعے ہی صحت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے مربوط اور مثر حکمت عملی ترتیب دی جا چکی ہے اور حکومت نے 2030 تک اس مرض کے خاتمے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قومی مقصد کے حصول کے لئے تمام متعلقہ اداروں اور افراد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کا ملک بھر سے خاتمہ ایک قومی کاز ہے جس کے حصول کے لئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔اجلاس میں وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد، ڈائریکٹر پروگرام ہیپاٹائٹس سی، چیف ایگزیکٹو آفیسر قومی ادارہ صحت، ڈی جی ہیلتھ، ادارہ شماریات کے سی ای او، نادرا کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے تشخیصی کانٹرز کے قیام اور ان کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔