تجارتی خسارہ انتہائی تشویش ناک تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

پاکستان کی ایکسپورٹس آمدن میں مسلسل کمی، ماہانہ بنیاد پرتجارتی خسارے میں 43.50 فیصد تک کا تشویش ناک اضافہ ہو جانے کا انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 5 مئی 2026 19:21

تجارتی خسارہ انتہائی تشویش ناک  تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2026ء) تجارتی خسارہ انتہائی تشویش ناک تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، پاکستان کی ایکسپورٹس آمدن میں مسلسل کمی، ماہانہ بنیاد پرتجارتی خسارے میں 43.50 فیصد تک کا تشویش ناک اضافہ ہو جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ملک کے تازہ ترین تجارتی اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

سامنے آنے والی رپورٹ نے ملکی معیشت سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ ( جولائی تا اپریل) میں تجارتی خسارے میں 20.28 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 43.50 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہوگیا۔ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں تجارتی خسارہ بڑھ کر تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5 ارب 49 کروڑ ڈالر زیادہ ہے، برآمدات 6.25 فیصد کمی کے ساتھ 25.10 ارب ڈالر تک محدود رہیں جبکہ درآمدات 7.85 فیصد اضافے سے 57 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں اگرچہ اپریل میں برآمدات میں 9.50 فیصد کی بہتری دیکھی گئی تاہم اسی ماہ درآمدی بل میں 28 فیصد سے زائد اضافے نے تجارتی خسارے کے بوجھ کو مزید بڑھا دیا۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال 2025-26ء کے پہلے 10 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں صرف 22 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا جبکہ جولائی 2025 سے اپریل 2026 تک ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 15 ارب ڈالر سے زائد رہا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اپریل ٹیکسٹائل برآمدات میں ایک اعشاریہ چار آٹھ فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات کاحجم 14 ارب 85 کروڑ ڈالر تھا۔ گزشتہ مالی سال کی بہ نسبت ماہانہ بنیاد پر ٹیکسٹائل برآمدات میں 22 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں ٹیکسٹائل برآمدات تقریباً ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں گزشتہ سال اپریل میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا حجم 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر تھا۔