حکومت پی ٹی آئی کیخلاف جو بھی قدم اٹھانا چاہتی ہے، سو بسم اللہ کرے. اسدقصر

عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی تصور ہی نہیں، ملک میں نہ کوئی آئین ہے اور نہ قانون، یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جا رہے ہیں اور ملک میں بے چینی مزید بڑھا رہے ہیں،ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے. سابق سپیکر قومی اسمبلی کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 دسمبر 2025 16:08

حکومت پی ٹی آئی کیخلاف جو بھی قدم اٹھانا چاہتی ہے، سو بسم اللہ کرے. اسدقصر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 دسمبر ۔2025 ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کیخلاف جو بھی قدم اٹھانا چاہتی ہے، سو بسم اللہ کرے، عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی تصور ہی نہیں ہے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ یہ اپنا اصل چہرہ پوری دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ ملک میں نہ کوئی آئین ہے اور نہ قانون، اور نہ ہی کسی کے بنیادی حقوق محفوظ ہیں.

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ کے باہر جو کچھ ہوا، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جا رہے ہیں اور ملک میں بے چینی مزید بڑھا رہے ہیں فیصل واڈا غیر سنجیدہ آدمی ہے، میں اس پر تبصرہ نہیں کروں گا.

(جاری ہے)

اسد قیصرنے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی تصور ہی نہیں ہے حکومت جو بھی قدم اٹھانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف سو بسم اللہ کرے ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت اگر زور لگانا چاہتی ہے تو لگا لے.

اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے پارلیمانی کمیٹی میں بحث اور مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ 20 اور 21 دسمبر کو ایک قومی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں میڈیا، حزب اختلاف کی تمام سیاسی قیادت، وکلا، بار کونسلز اور تمام جمہوریت پسند افراد کو مدعو کیا جائے گا اور ایک قومی ایجنڈا طے کیا جائے گا کیونکہ اس تمام عمل میں سب سے زیادہ کمپرومائز عوام کے حقِ رائے دہی پر ہوا ہے. انہوں نے کہاکہ اگر عوام اپنا قومی اور صوبائی اسمبلی کا نمائندہ منتخب نہیں کر سکتے تو وہ کہاں جائیں گے ہم پرامن لوگ ہیں، ہم آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں اور ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے.