قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد مملکت کا تحفہ دیا، مقررین

قائد اعظم اور نوازشریف کی سالگرہ کے موقع پر (ن)لیگ کھاوڑہ کے زیر اہتمام تقریب

جمعرات 25 دسمبر 2025 19:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2025ء) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور قائدِ پاکستان میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) حلقہ کھاوڑہ کے زیرِ اہتمام مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کے علاوہ خواتین رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام مسلم لیگ (ن) حلقہ کھاوڑہ کے صدر ایاز غفور کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ضلع کونسل راجہ ناصر لطیف، سابق وزیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، ڈویژنل صدر باسط اعوان، ضلعی صدر راجہ فراز، رکن ضلع کونسل عمران، راجہ طارق بشیر، ایڈووکیٹ رفاقت مرتضیٰ چغتائی اور راجہ ذوالقرنین قریشی خصوصی طور پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواتین رہنماؤں میں فردوس شاہین، ساجدہ گیلانی اور سائرہ چشتی نے بھی بھرپور شرکت کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی کثیر تعداد نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

تقریب کے دوران قائداعظم محمد علی جناحؒ اور میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد مملکت کا تحفہ دیا، جبکہ میاں محمد نواز شریف نے اپنی قیادت، جدوجہد اور عوامی خدمت کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔

مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آج بھی قائداعظمؒ کے افکار اور میاں محمد نواز شریف کے وژن کی امین ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) ملک و خطے میں جمہوریت کے استحکام، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح و بہبود کے مشن کو مزید قوت کے ساتھ آگے بڑھاتی رہے گی۔ آخر میں شرکاء نے قائداعظمؒ کے پاکستان اور قائدِ پاکستان میاں محمد نواز شریف کی درازی عمر اور صحت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔