سال 2025، مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نامور شخصیات دنیا سے رخصت ہوگئیں

جمعہ 2 جنوری 2026 13:23

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2026ء) سال 2025 میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نامور شخصیات بھی دنیا سے کوچ کرگئیں، سیاسی میدان میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و سابق سپیکر پنجاب اسمبلی میاں منظور وٹو، سابق گورنر پنجاب و مسلم لیگ ق کے سابق صدر میاں محمد اظہر اور سندھ اسمبلی کے سابق سپیکر آغا سراج درانی سال 2025 میں د نیا سے رخصت ہوئے، اسی طرح سینئر سیاستدان و سابق رکن قومی اسمبلی نوابزادہ مظہر علی خان کا سال2025 کے آخر میں انتقال ہوا،معروف اسلامی رہنما، امن کے داعی اور سیاسی شخصیت مولانا خان زیب 2025 کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے، سینئر سیاستدان اور سابق رکن قومی اسمبلی روشن دین جونیجو کا بھی سال 2025 کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا، جمعیت علمائے اسلام (ف) پنجاب کے امیر اور ممتاز مذہبی اسکالر مولانا سید محمود میاں بھی سال2025 کے دوران دنیا سے رخصت ہوئے،سابق رکن بلوچستان اسمبلی طاہر محمود خان سال 2025 کے آغاز ہی میں 23 فروری کو انتقال کرگئے، ان مرحوم رہنمائوں نے ملکی و علاقائی سیاست میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیں،معروف ماہرِ معیشت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی سابق خاتون گورنر شمشاد اختر بھی2025 کے آخر میں دنیا سے رخصت ہوئیں جن کی خدمات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا،اسی طرح ممتاز دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ، معروف شاعر تجمل کلیم، سابق بین الاقوامی کرکٹ امپائر خضر حیات،معروف پاکستانی باکسر اور سابق اولمپیئن بابر علی خان بھی 2025 میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔