پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑکا سابق وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 98 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت

پیر 5 جنوری 2026 16:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2026ء) پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نے بانی چیئرمین اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں یوم پیدائش پر ان کی ملکی ، جمہوری ، سیاسی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے محلات سے سیاست عام آدمی کے دہلیز پر لائی ، ایسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، عام آدمی کو ووٹ کا حق اور متفقہ آئین سے اکائیوں کو جوڑ کر وفاق مضبوط بنا نا ان کے اہم کارنامے ہیں ۔

اپنے بیان میں ربانی خان کاکڑ نے کہا کہ طبقاتی نظام کےخاتمے اور غریبوں کی ترقی وخوشحالی کےلئے زرعی اصلاحات اور لیبر اصلاحات کا نظام عملی طور پر متعارف کرایا، ذوالفقار علی بھٹو نےپہلی عالمی اسلامی کانفرنس منعقد کرکے ملک کو وقار بخشا جہاں تمام اسلامی ممالک کے سربراہان کو چھت کے نیچے بٹھاکر فہم وفراست ، تدبر ، دوراندیشی کا عملی ثبوت دیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے ملکی سالمیت اور خودمختاری مضبوط بنانے کےلئے ملک کو ایٹمی طاقت بناکر دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا ، ملکی معیشت کے استحکام کے لیے سٹیل مل بھی قوم کو دی ۔ ربانی خان کاکڑ نے کہا کہ آج قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا یوم پیدائش ہم سب کےلئے تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم شہید بھٹو کے وژن اور نظریے پر عمل پیرا ہوکر ترقی پسند وخودمختار قوم کی بنیاد رکھ اور پسے ہوئے طبقے کے لئے کردار ادا کرسکیں۔