ڈپٹی کمشنرپشین کا کان کنی کی سرگرمیوں سے متعلق امور کے جائزے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعہ 13 فروری 2026 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی نے خانوزئی میں کان کنی کی سرگرمیوں سے متعلق امور کے جائزے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران جاری کان کنی آپریشنز، لیز کے معاملات، قوانین و ضوابط پر عملدرآمد، ماحولیاتی تحفظ اور ریونیو سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ تمام کان کنی سرگرمیاں مروجہ قوانین کے مطابق شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دی جائیں اور مقامی آبادی کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بین الادارہ جاتی رابطوں کو مزید موثر بنانے اور درپیش مسائل کے بروقت اور پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع میں معدنی وسائل کے شعبے کو منظم، قانونی اور ذمہ دارانہ انداز میں فروغ دیا جائے گا۔