گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ سے ملاقات

منگل 12 مئی 2026 21:17

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزیر اعظم کے مشیر  رانا ثناء اللّٰہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور اس پر صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبہ میں گڈگورننس کے فقدان ، بدامنی اور ضم اضلاع کے باسیوں کو درپیش مسائل پر عوامی تشویش سے انہیں آگاہ کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نےصوبہ میں سی این جی سٹیشنز کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نامناسب فیصلہ ہے جس کا وفاق کی جانب سے فوری ازالہ ضروری ہے ،سی این جی سٹیشنز یونین کے مسائل سنے جائیں اور حل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اس حوالہ سے گورنر کی تشویش وزیر اعظم تک پہنچانے اور حل میں اپنے بھرپور کردار کی یقین دہانی کرائی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بالخصوص ضم اضلاع کے باسیوں کے احساس محرومی کے خاتمہ کے لئے وفاقی حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ملاقات میں صوبہ کی سیاسی جماعتوں کے باہمی رابطوں کے حوالہ سے بھی گفتگو کی گئی۔